مائنڈ فیٹل نیس

رحمِ مادر میں بچے کی حرکات پر توجہ دینے کا ایک طریقہ

pregnant woman

رحم میں بچے کی حرکت کا پہلی بار احساس بعض اوقات ہلکی سی گدگدی جیسا ہوتا ہے۔ حمل کے آگے بڑھنے اور بچے کے نشوونما پانے کے ساتھ اس کی حرکات بھی زیادہ واضح محسوس ہونے لگتی ہیں۔ جس طرح نومولود بچوں میں فرق ہوتا ہے، اسی طرح پیدائش سے پہلے بچوں کی حرکات میں بھی فرق پایا جاتا ہے۔ کچھ بچے رحم میں بہت زیادہ حرکت کرتے ہیں، جبکہ کچھ نسبتاً پُرسکون رہتے ہیں۔ تاہم، تمام بچے پیدائش تک حرکت کرتے رہتے ہیں۔ ہر بچے کی حرکات کا اپنا ایک مخصوص انداز ہوتا ہے، جسے حمل کے آخری حصے میں پہچانا جا سکتا ہے۔ بچہ کبھی بیداری کے ایسے وقفوں میں ہوتا ہے جب وہ زیادہ حرکت کرتا ہے، اور کبھی آرام کے دوران نسبتاً پُرسکون رہتا ہے۔ عموماً حمل کے 32ویں ہفتے کے آس پاس حرکات کی تعداد سب سے زیادہ ہوتی ہے اور پھر ولادت تک تقریباً اسی سطح پر رہتی ہے۔ بچے کے بڑھنے کے ساتھ اس کی حرکات زیادہ طاقتور ہو جاتی ہیں، تاہم حمل کے آخری دنوں میں ان کا احساس پہلے کے مقابلے میں مختلف ہو سکتا ہے۔

بچے کا حرکت کرنا ایک اچھی علامت ہے۔ بہت سی حاملہ خواتین بتاتی ہیں کہ وہ روزانہ اپنے ہونے والے بچے کی حرکات پر توجہ دیتی ہیں۔ بچے کی حرکات کا باقاعدہ مشاہدہ کرنے کے ایک طریقے کو ’مائنڈ فیٹل نیس‘ (Mindfetalness) کہا جاتا ہے۔ اس طریقے سے بچے کی حرکات کے معمول کو پہچاننے میں مدد مل سکتی ہے۔ اسے حمل کے 28ویں ہفتے سے شروع کرنا مناسب ہے۔

مائنڈ فیٹل نیس پر عمل کیسے کریں؟

بہتر ہے کہ اس طریقے پر روزانہ عمل کیا جائے۔ دن کا وہ وقت خود منتخب کریں جو آپ کے لیے مناسب ہو، لیکن پہلے اس وقت کا انتظار کریں جب آپ کو محسوس ہو کہ بچہ بیدار ہے۔ عمل کے دوران آرام دہ حالت میں بیٹھیں یا لیٹ جائیں۔ اگر لیٹیں تو بہتر ہے کہ بائیں کروٹ لیٹیں۔ لیٹنے پر بچے کی حرکات زیادہ واضح محسوس ہو سکتی ہیں، اور بائیں کروٹ لیٹنے سے رحم میں خون کی روانی بہتر رہتی ہے، جو بچے کے لیے مفید ہے۔ تقریباً 15 منٹ تک اپنی توجہ بچے کی حرکات پر مرکوز رکھیں۔ حرکات کا اندازہ لگانے کے لیے آپ خود محسوس کر سکتی ہیں کہ آپ کو اس سے کم یا زیادہ وقت درکار ہے۔

مائنڈ فیٹل نیس کے دوران بچے کی حرکات کے ان پہلوؤں پر توجہ دیں:

حرکات کتنی طاقتور ہیں۔
بچہ کس طرح حرکت کرتا ہے۔
بچہ کتنی حرکت کرتا ہے۔

اپنے آپ سے یہ سوالات کریں:

کیا بچے کی حرکات واضح طور پر محسوس ہو رہی ہیں؟
کیا حرکات کی طاقت معمول کے مطابق ہے؟
کیا بچہ تقریباً اتنی ہی حرکت کر رہا ہے جتنی وہ عام طور پر کرتا ہے؟

حمل کے آخری حصے میں بچے کی حرکات

رحم میں بچے کی حرکات کو دو بنیادی اقسام میں تقسیم کیا جا سکتا ہے: بڑی اور چھوٹی حرکات۔ بڑی حرکات واضح طور پر محسوس ہوتی ہیں، مثلاً بچے کا لات مارنا یا اپنے جسم کو پھیلانا۔ چھوٹی حرکات، جو بچہ کرتا تو ہے لیکن عموماً ماں کو محسوس نہیں ہوتیں، ان میں ہاتھوں اور پاؤں کی انگلیوں سے پکڑنے جیسی حرکات اور سانس لینے جیسی حرکات شامل ہیں۔ حمل کے تقریباً 25ویں سے 30ویں ہفتے کے دوران بچے کی حرکات زیادہ منظم ہونے لگتی ہیں۔ اس مرحلے پر بچے کے بیداری کے وقفوں کے بعد آرام کے وقفے آتے ہیں، جو تقریباً 40 منٹ سے ایک گھنٹے تک ہو سکتے ہیں۔

حمل بڑھنے کے ساتھ حرکات کی نوعیت بدل سکتی ہے۔ بچے کے لیے رحم میں حرکت کرنے کی جگہ کم ہو جاتی ہے، اس لیے حرکات پہلے سے مختلف محسوس ہو سکتی ہیں، لیکن اس سے یہ مراد نہیں کہ بچہ کم بار حرکت کرتا ہے۔ حمل کی مدت پوری ہونے کے قریب خواتین ان حرکات کو طاقتور، دباؤ جیسی، جسم پھیلانے جیسی، بڑی، ایک طرف سے دوسری طرف ہونے والی، آہستہ یا ہلکی حرکات کے طور پر بیان کرتی ہیں۔

اگر آپ روزانہ کچھ وقت اس وقت بچے کی حرکات پر توجہ دیں جب وہ بیدار ہو، تو آپ اپنے بچے کے معمول کے انداز کو اچھی طرح سمجھ سکتی ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ مشاہدہ اس وقت کیا جائے جب آپ کو معلوم ہو کہ بچہ جاگ رہا ہے، کیونکہ آرام کے دوران وہ نسبتاً کم حرکت کرتا ہے۔ بچوں کے درمیان اس بات میں کافی فرق ہو سکتا ہے کہ وہ کتنی اور کتنی طاقت سے حرکت کرتے ہیں۔

جن خواتین نے مائنڈ فیٹل نیس کا طریقہ آزمایا، ان میں سے بعض نے بتایا کہ اس دوران وہ خود کو پُرسکون، حاضر ذہن اور یکسو محسوس کرتی تھیں۔ ان کے مطابق یہ وقت اپنے ہونے والے بچے کے ساتھ رابطے جیسا تھا اور اس سے بچے کے ساتھ قربت کا احساس بھی بڑھا۔ یہ فیصلہ صرف آپ خود کر سکتی ہیں کہ یہ طریقہ آپ کے لیے موزوں ہے یا نہیں۔

خلاصہ

حمل کے 25ویں سے 30ویں ہفتے کے درمیان بچے کی حرکات زیادہ منظم ہونے لگتی ہیں۔ بچے کے بیداری کے وقفوں کے بعد آرام کے وقفے آتے ہیں، جو تقریباً 40 منٹ سے ایک گھنٹے تک ہو سکتے ہیں۔ حمل کے آخری حصے میں زیادہ تر بچوں کا دن اور رات کا ایک معمول بن جاتا ہے، اور وہ شام کے وقت زیادہ سرگرم ہوتے ہیں۔

حمل کے 32ویں ہفتے میں بچے کی حرکات کی تعداد عموماً ایک ایسی سطح پر پہنچ جاتی ہے جہاں سے ولادت تک وہ تقریباً یکساں رہتی ہے۔ ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی جس سے یہ ظاہر ہو کہ حمل کے آخری حصے میں بچے کی حرکات کم ہو جاتی ہیں۔

بچوں کے درمیان اس بات میں کافی فرق ہو سکتا ہے کہ وہ کتنی اور کتنی طاقت سے حرکت کرتے ہیں۔

حمل کے دوران اپنے بچے کی حرکات کے معمول کو پہچانیں اور اپنے احساس پر بھروسا کریں۔ اگر آپ کو تشویش ہو کہ بچہ پہلے سے کم حرکت کر رہا ہے یا اس کی حرکات کمزور ہو گئی ہیں، تو صحت کے عملے یا طبی مرکز سے رابطہ کریں۔

بچے کی حرکات کے بارے میں سوالات اور جوابات

رحم میں آپ کا بچہ کیا کرتا ہے؟

بچے کے بڑھنے کے ساتھ اس کی حرکات زیادہ واضح اور بتدریج باقاعدہ ہو جاتی ہیں۔ کچھ چھوٹی حرکات محسوس نہیں ہوتیں، مثلاً انگوٹھا چوسنا یا پاؤں کی انگلیوں کو سکیڑنا۔ بچے کے لات مارنے یا جسم پھیلانے کی حرکات عموماً واضح طور پر محسوس ہوتی ہیں۔ حمل کے آخری حصے میں بہت سی خواتین بچے کی ہچکی بھی محسوس کرتی ہیں، جو چھوٹے چھوٹے ردھم والے جھٹکوں جیسی ہوتی ہے۔

حمل کے آخری چند مہینوں میں بچے کی حرکات واضح اور طاقتور ہوتی ہیں، لیکن بچے کے لیے جگہ کم ہونے کی وجہ سے ان کی نوعیت پہلے سے مختلف محسوس ہو سکتی ہے۔ بعض خواتین کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے بچہ جسم کو کھینچ کر پھیلا رہا ہو، کیونکہ رحم میں جگہ تنگ ہو جاتی ہے۔ کچھ خواتین ان حرکات کو بڑی حرکات کے طور پر بیان کرتی ہیں، جن میں بچے کا پورا جسم شامل ہوتا ہے اور جو آہستہ محسوس ہو سکتی ہیں۔ بچہ جتنا بڑا ہوتا ہے، اس کی حرکات اتنی ہی واضح محسوس ہوتی ہیں۔

کیا یہ درست ہے کہ حمل کے آخری حصے میں بچہ کم حرکت کرتا ہے؟

نہیں، یہ درست نہیں۔ بچے کی حرکات حمل کے 32ویں ہفتے تک بڑھتی ہیں۔ اس کے بعد ولادت تک حرکات کی تعداد عموماً تقریباً اسی سطح پر رہتی ہے۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ بچے کو پورے حمل کے دوران حرکت کرتے رہنا چاہیے۔

کیا بچہ ہر وقت حرکت کرتا رہتا ہے؟

نہیں، بچہ ہر وقت حرکت نہیں کرتا۔ تمام بچے مختصر وقفوں کے لیے پُرسکون ہوتے ہیں اور سوتے ہیں۔ بچوں کے درمیان اس بات میں کافی فرق ہو سکتا ہے کہ وہ کتنی اور کتنی طاقت سے حرکت کرتے ہیں۔

کیا بعض خواتین کے لیے بچے کی حرکات محسوس کرنا زیادہ مشکل ہو سکتا ہے؟

ممکن ہے کہ بائیں کروٹ لیٹنے اور حرکات پر توجہ مرکوز کرنے سے انہیں محسوس کرنا آسان ہو جائے۔ بعض خواتین بتاتی ہیں کہ اس کے باوجود انہیں بچے کی حرکت محسوس کرنے میں بہت دشواری ہوتی ہے۔ شدید ذہنی دباؤ کی حالت میں بھی حرکات محسوس کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

اگر حمل کے آخری حصے میں مجھے محسوس ہو کہ بچے کی حرکات کم اور کمزور ہو گئی ہیں تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟

اگر بچے کی حرکات کی طاقت یا تعداد کم ہو جائے اور یہ اس کے معمول کے انداز سے مختلف ہو، تو یہ اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ بچہ رحم میں خیریت سے نہیں ہے۔ اگرچہ جن حاملہ خواتین کو حرکات کم یا کمزور محسوس ہوتی ہیں، ان میں سے بیشتر صحت مند بچوں کو جنم دیتی ہیں، لیکن ایسی صورت میں بچے کی طبیعت خراب ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اگر آپ محسوس کریں کہ بچے کی حرکات پہلے کے مقابلے میں کم یا کمزور ہو گئی ہیں، تو بچے کا طبی معائنہ ہونے سے پہلے اسے معمول کی بات نہ سمجھیں۔